بریکنگ نیوز
کاروبار

ساڑھے 3 برس میں اوپن مارکیٹ سے27 ارب ڈالر خریدے، جمیل احمد

Admin User 8 مئی 2026 13
ساڑھے 3 برس میں اوپن مارکیٹ سے27 ارب ڈالر خریدے، جمیل احمد - الجزیرہ نیوز
اسلام آباد:گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے کہا ہے کہ مرکزی بینک نے گزشتہ ساڑھے 3برسوں کے دوران مقامی اوپن مارکیٹ سے 27 ارب ڈالر خریدے تاکہ زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ کیا جا سکے، جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ برآمدات میں خاطر خواہ اضافے کے بغیر ذخائر بڑھانے کے لیے مارکیٹ خریداریوں پر انحصار بڑھ گیا ہے۔قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کو بریفنگ دیتے ہوئے گورنر اسٹیٹ بینک نے بتایا کہ رواں مالی سال کی تیسری سہ ماہی میں معیشت کی شرح نمو 4 فیصد سے زائد رہنے کا تخمینہ ہے۔جمیل احمد کے مطابق جنوری 2023 سے اب تک اسٹیٹ بینک نے اوپن مارکیٹ سے 27 ارب ڈالر خریدے، جن میں سے 4.5 ارب ڈالر صرف رواں مالی سال میں حاصل کیے گئے۔یہ رقم اس تخمینے سے تقریباً 3 ارب ڈالر زیادہ ہے جو گورنر نے دو ماہ قبل ظاہر کیا تھا۔انھوں نے کہا کہ اپریل میں 5 ارب ڈالر کے قرضوں کی ادائیگی کے باوجود ملکی زرمبادلہ ذخائر میں ہر ہفتے اضافہ ہو رہا ہے اور یہ جلد 17 ارب ڈالر کی سطح عبور کر جائیں گے۔گورنر اسٹیٹ بینک اور وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کمیٹی کو معیشت کی موجودہ صورتحال اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے اہداف پر عملدرآمد سے متعلق آگاہ کیا۔تاہم قائمہ کمیٹی کے چیئرمین سید نوید قمر نے رکن قومی اسمبلی جاوید حنیف کو اس سوال کی اجازت نہیں دی کہ پاکستان نے متحدہ عرب امارات کے 3.5 ارب ڈالر قرض کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب سے جو 3 ارب ڈالر کا نیا قرض لیا، اس پر شرح سود کیا ہے۔ماہرین کے مطابق مارکیٹ سے بھاری ڈالر خریداری نے روپے کو دبائو میں رکھا، کیونکہ اگر یہ خریداری نہ ہوتی تو مقامی کرنسی نسبتاً مضبوط رہ سکتی تھی۔یہ صورتحال اس بات کی بھی عکاسی کرتی ہے کہ آئی ایم ایف پروگرام مطلوبہ غیر قرضہ جاتی سرمایہ کاری اور زرمبادلہ آمدن بڑھانے میں کامیاب نہیں ہو سکا۔
ٹیگز: حکومت
Admin User مزید خبریں →